ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ذات پر مبنی مردم شماری: پی ایم مودی نے نتیش کے خط کا دیا جواب، 23 اگست کو ہوگی ملاقات

ذات پر مبنی مردم شماری: پی ایم مودی نے نتیش کے خط کا دیا جواب، 23 اگست کو ہوگی ملاقات

Fri, 20 Aug 2021 00:28:46    S.O. News Service

نئی دہلی،20؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ذات پر مبنی مردم شماری کو لے کر بات چیت کے لیے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا تھا جس میں ملاقات کے لیے وقت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اب اس خط کا جواب نتیش کمار کو موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ آئندہ 23 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ اس بات کی جانکاری نتیش کمار نے آج اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔

19 اگست کی صبح کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے اور لوگوں کو اس جانکاری سے مطلع کیا ہے کہ وہ 23 اگست کو ملاقات کریں گے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے بہار کے نمائندہ وفد کے ساتھ عزت مآب وزیر اعظم سے ملنے کا وقت مانگا تھا۔ عزت مآب وزیر اعظم کا بہت بہت شکریہ کہ 23 اگست کو ملنے کا انھوں نے وقت دیا۔‘‘

وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اس ٹوئٹ کے بعد سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے اور دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے نمائندہ وفد میں کون کون لوگ شامل ہوں گے۔ اس درمیان جیتن رام مانجھی کی پارٹی ’ہم‘ (ہندوستانی عوام مورچہ) کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی ترجمن دانش رضوان کا کہنا ہے کہ ’’23 اگست کو ایک وفد ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق بات کرنے کے لیے وزیر اعظم سے ملنے جا رہا ہے۔ اس میں ہمارے لیڈر جیتن رام مانجھی بھی شامل ہوں گے۔‘‘

دانش رضوان نے ذات پر مبنی مردم شماری کو وقت کی اہم ضرورت ٹھہراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہمارا ایجنڈا صاف ہے کہ جب ملک میں سانپ، چھچھوندر اور بلیوں کی گنتی ہو سکتی ہے تو ذات پر مبنی مردم شماری سے لوگ کیوں بھاگ رہے ہیں۔ ہم لوگوں نے طے کیا ہے کہ 23 اگست کو ہم لوگ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملیں گے اور ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا مطالبہ کریں گے۔‘‘


Share: